وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارتِ خزانہ کی سفارش پر کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا نیا سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز حاصل کی گئی تھیں، جس کے بعد وزیرِ اعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کی۔
اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے جدید ترین سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے اور ایسے جدید میٹریل کا استعمال کیا جائے گا جس سے کرنسی نوٹوں کی معیاد اور پائیداری میں نمایاں اضافہ ہوگا۔