وزیر مملکت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد جیولرز نے نئے مالی سال میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ٹیکس ادا کرنے پر اتفاق کر لیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکارپوری نے بتایا کہ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام، بالخصوص بلال اظہر کیانی کے ساتھ ہونے والی ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی، جس میں ٹیکس معاملات اور تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے 17 ریجنل ٹیکس دفاتر میں جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دو، دو نمائندے رابطہ افسر مقرر کیے جائیں گے، جو ایف بی آر اور تاجروں کے درمیان رابطے کا کردار ادا کریں گے۔
ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی کہ قانون کے مطابق ٹیکس ادا کرنے والے تاجروں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا اور کسی سنار کی دکان پر اچانک چھاپہ نہیں مارا جائے گا۔ جیولرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے درست کریں، بروقت ایڈوانس ٹیکس جمع کرائیں اور تمام معاملات شفاف انداز میں انجام دیں۔