7 اور 8 جولائی کو دوسری پاکستان بینکنگ سمٹ، ڈیجیٹل معیشت اور بینکنگ اصلاحات پر غور ہوگا

image

چیئرمین پاکستان بینکس ایسوسی ایشن ظفر مسعود نے اعلان کیا ہے کہ دوسری پاکستان بینکنگ سمٹ 7 اور 8 جولائی کو کراچی میں منعقد ہوگی، جس میں بینکنگ سیکٹر کی بہتری، ڈیجیٹائزیشن، کیش لیس اکانومی اور مالیاتی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر مسعود نے کہا کہ سمٹ میں وزیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، پالیسی ساز، اکیڈیمیا، صنعت اور بینکنگ شعبے کے نمائندے شریک ہوں گے، جبکہ تمام بین الاقوامی مقررین بھی بذاتِ خود شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں نجی شعبے کو 1,800 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے اور اب 12 سے 13 ہزار ارب روپے کی کیش اکانومی کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنا اہم ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری بینکوں کی جانب سے 300 ارب روپے کی قرضوں کی تنظیمِ نو (Debt Restructuring) کے باعث ممکن ہوئی۔

اس موقع پر سیکریٹری پاکستان بینکس ایسوسی ایشن منیر کمال نے بتایا کہ سمٹ میں امریکا، سنگاپور، بحرین، دبئی، ملائیشیا، سعودی عرب اور بیلجیئم سے 14 بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے، جہاں زراعت، ایس ایم ایز، ڈیجیٹل ادائیگیوں، قرضوں اور کیش لیس اکانومی سمیت اہم موضوعات پر گفتگو ہوگی۔

چیئرمین پاکستان بینکنگ سمٹ عاطف باجوہ نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر حکومت کے ساتھ مل کر معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینکوں کے منافع کا تقریباً 60 فیصد ٹیکس کی صورت میں حکومت کو جاتا ہے، جبکہ ڈیجیٹل معیشت، ترسیلاتِ زر، برآمدات اور ہاؤسنگ سمیت مختلف شعبوں میں بینکوں کا کردار مزید بڑھایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US