وفاقی بجٹ 2026-27 کے تحت بین الاقوامی پروازوں کی بزنس کلاس ٹکٹوں پر عائد ٹیکس میں نمایاں کمی کردی گئی ہے، جس کے بعد بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو کرایوں میں خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔
حکام کے مطابق امریکا، کینیڈا اور جنوبی امریکا جانے والی بزنس کلاس ٹکٹوں پر 50 ہزار روپے تک ٹیکس کم کیا گیا ہے۔ اسی طرح یورپ، برطانیہ، آسٹریلیا، جاپان، روس اور ہانگ کانگ کے لیے بزنس کلاس ٹکٹوں پر 40 ہزار روپے تک ٹیکس میں کمی کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے لیے بزنس کلاس ٹکٹوں پر بھی 25 ہزار روپے تک ٹیکس ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جس سے ان روٹس پر سفر کرنے والے مسافروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس میں کمی کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوچکا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف بزنس کلاس کے مسافروں کو مالی سہولت ملے گی بلکہ بین الاقوامی فضائی سفر کی طلب میں بھی اضافے کا امکان ہے۔