وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں انویسٹ پاک پورٹل کا افتتاح کر دیا جسے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہے اور اس کے ذریعے عام شہری آسانی سے سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جاز کیش ایپ کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری کا آغاز کیا جا سکتا ہے جس سے نوجوانوں، خصوصاً جنریشن زی کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور انویسٹ پاک پورٹل عالمی معیار کی سہولت فراہم کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید تیز، آسان اور شفاف بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے اور ایسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اس سمت میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل کا آغاز پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے اور ملک ویژن 2028 کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت کے لیے مضبوط سیکیورٹیز مارکیٹ ناگزیر ہے اور اسٹیٹ بینک گزشتہ کئی برسوں سے مالیاتی منڈیوں کی ترقی اور سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرا چکا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آج پاکستان ایک مضبوط اور لیکوئیڈ سیکیورٹیز مارکیٹ کا حامل ہے جبکہ انوسٹ پاک پورٹل سرمایہ کاری تک عوام کی رسائی کو مزید آسان اور مؤثر بنائے گا۔