کیپٹن عاصم طارق قتل کیس، ملزم 14 روز کے لیے جوڈیشل لاک اپ روانہ

image

انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس کے ملزم سعد عباسی کو 14 روزہ شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل لاک اپ بھیج دیا، جبکہ ملزم کو آئندہ سماعت پر 20 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سعد عباسی کی شناخت پریڈ کرانا ضروری ہے، جس پر عدالت نے ملزم کو 14 روز کے لیے جوڈیشل لاک اپ بھیجنے کی منظوری دے دی۔

اس موقع پر پراسیکیوٹر راجا نوید نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمے میں دو چشم دید گواہ بھی موجود ہیں، جن کی موجودگی میں شناخت پریڈ انتہائی اہم ہے۔

دورانِ سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ملزم سے استفسار کیا، ”کیوں کیا ہے کام؟“

اس پر ملزم سعد عباسی نے جواب دیا، ”میں ایک لڑکی کے ساتھ تھا، ایک بندہ آ کر ہمیں ڈسٹرب کر رہا تھا۔“

ملزم کے جواب پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیے، ”ڈسٹرب کیا؟ کیا اچھا کام کر رہے تھے جو ڈسٹرب کیا؟“

بعد ازاں عدالت نے ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل لاک اپ بھیجتے ہوئے مزید کارروائی 20 جولائی تک ملتوی کردی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US