سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے کمپنیوں کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مالی سال 2025-26 کے دوران 21 لسٹڈ کمپنیوں نے 20 ارب روپے سے زائد کا سرمایہ حاصل کیا ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ کمپنیوں نے یہ نیا سرمایہ اپنے کاروباری توسیع، نئے منصوبوں اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے اکٹھا کیا ہے، جو صنعتی ترقی اور معاشی نمو کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ایس ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق، 10 لسٹڈ کمپنیوں نے رائٹ آفر کے علاوہ دیگر طریقوں سے 16.7 ارب روپے سے زائد کا سرمایہ حاصل کیا ہے، جبکہ 11 کمپنیوں نے رائٹ ایشوز کے ذریعے تقریباً 3.8 ارب روپے اکٹھے کیے۔
رائٹ ایشوز کے ذریعے موجودہ شیئر ہولڈرز کو کمپنیوں کی ترقی میں مزید سرمایہ کاری کا بہترین موقع ملا ہے۔ ایس ای سی پی نے واضح کیا ہے کہ کیپٹل مارکیٹ کمپنیوں کو طویل مدتی فنانسنگ حاصل کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے اور اس ایکویٹی فنانسنگ سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو استحکام مل رہا ہے۔