وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کراچی میں منعقدہ دوسری پاکستان بینکنگ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینکاری کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور ایک مضبوط بینکاری نظام ہی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نجی شعبے کو آسان مالی سہولیات کی فراہمی حکومت کی معاشی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت مالیاتی شعبے کو مزید مضبوط، شفاف اور جدید بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینکاری شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال عوام کے لیے سہولتیں بڑھا رہا ہے اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت بی آئی ایس پی کی رقم وصولی کے لیے اب مستحقین کے ڈیجیٹل والٹ کھولے جائیں گے، جس کے بعد پروگرام کی رقم اب براہِ راست ان کے والٹ میں منتقل کی جائے گی تاکہ شفافیت اور عوام کی سہولت کو یقینی بنایا جاسکے۔