ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی تدفین آج ایران کے شہر مشہد میں روضۂ امامِ رضا ؓ کے احاطے میں کی جائے گی۔ آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کے سربراہ محمد محمدی گلپایگانی کے مطابق ان کی خواہش تھی کہ انہیں روضۂ امام رضاؓ کے قریب سپردِ خاک کیا جائے۔
تدفین سے قبل آیت اللہ خامنہ ای کے جسدِ خاکی کو عراق کے شہر نجف سے ایران منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ یہ مرحلہ ایران اور عراق میں چھ روز تک جاری رہنے والے جلوسِ جنازہ کے اختتام کا حصہ ہے۔
اس سے قبل جسدِ خاکی کو عراق کے شہر کربلا لایا گیا جہاں حضرت عباسؓ اور امام حسینؓ کے روضوں پر حاضری دی گئی۔ گورنر آفس کے مطابق کربلا میں ہونے والے جلوسِ جنازہ میں 70 لاکھ سے زائد سوگواروں نے شرکت کی۔
اس سے پہلے میت کو نجف اشرف بھی لایا گیا تھا جہاں حضرت علیؓ کے روضے میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ حکام کے مطابق روضے اور اس کے اطراف میں 38 لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز تہران اور منگل کو قم میں بھی لاکھوں افراد نے شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی تھی۔ اب مشہد مقدس میں تدفین کے ساتھ چھ روز سے جاری سوگ اور آخری رسومات اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو جائیں گی۔