پاکستان اور قطر امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیےکوششیں کر رہے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے علاقائی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور قطر ایک مرتبہ پھر امریکا اور ایران کے درمیان رابطے بحال کرانے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی طرف لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں پاکستان اور قطر نے مرکزی ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔ ان سفارتی کوششوں کے بعد جون کے وسط میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے، جبکہ اس سے قبل عمان بھی مختلف مذاکراتی مراحل میں سہولت کار کے طور پر شامل رہا۔
دوسری جانب پاکستان کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز جاری بیان میں تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات سے بچنے کی اپیل کی جو خطے کے امن اور سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ کشیدگی کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی مؤثر راستہ ہیں۔ پاکستان نے متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔