بحیرہ عرب میں گرنے والے کارگو طیارے کی آخری گفتگو سامنے آ گئی

image

بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہونے والے K-2 ائیرویز کے کارگو طیارے کی پرواز اور کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ہونے والی آخری گفتگو کا ریکارڈ سامنے آ گیا ہے جس سے حادثے سے قبل پیش آنے والی صورتحال کی اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

K-2 ائیرویز کی پرواز KTA-1732 سے کراچی کی فضائی حدود میں اچانک رابطہ منقطع ہوگیا جس کے بعد فوری طور پر ایمرجنسی رسپانس پلان فعال کر دیا گیا۔ حادثے سے قبل طیارے کے کپتان نے کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول کو نیویگیشن سسٹم میں خرابی سے آگاہ کرتے ہوئے محفوظ رہنمائی کے لیے ریڈار ویکٹرنگ فراہم کرنے کی درخواست کی۔

رپورٹ کے مطابق 16:17 یو ٹی سی پر پائلٹ نے اے ٹی سی کو بتایا کہ انہیں نیویگیشن سے متعلق تکنیکی مسئلہ درپیش ہے۔ اسی دوران انہوں نے یہ بھی اطلاع دی کہ طیارہ رول کر رہا ہے، جس کے باعث پرواز کو قابو میں رکھنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ اس اطلاع کے کچھ ہی دیر بعد کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول سے طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

یاد رہے کہ 7 جولائی 2026 کو K-2 ائیرویز کا پاکستانی کارگو طیارہ بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ حادثے کے وقت طیارے میں پانچ افراد سوار تھے جن میں کپتان محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود، لوڈ ماسٹر محمد توفیق، انجینئر عارف صدیقی اور محمد حامد شامل تھے۔ طیارے کے تمام عملے کا تعلق کراچی سے تھا۔

حادثے کے بعد متعلقہ اداروں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والا مواصلاتی ریکارڈ بھی تحقیقاتی عمل کا حصہ ہوگا اور اسی کی روشنی میں حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US