چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی ترقی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی معاشی تبدیلی حکومت کے طویل المدتی وژن کا اہم حصہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت سندھ کے اسٹریٹجک ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں کیٹی بندر انٹیگریٹڈ کوریڈور، سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر، اے آئی انفرا اسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز اور فارمرز ایگریکلچرل کلیکٹوز سمیت مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
بعد ازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کر کے شہر کے چھ بڑے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ابراہیم حیدری پل 120 دن جبکہ عظیم پورہ فلائی اوور 93 دن میں مکمل کیا گیا ہے جبکہ گٹر باغیچہ میں 100 ملین گیلن یومیہ استعداد کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔