عالمی بینک نے پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق یہ مالی معاونت 10 سالہ توانائی پروگرام کے پہلے مرحلے کے لیے فراہم کی جائے گی، جس کے تحت قومی پاور گرڈ کو جدید بنانے کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کا مقصد بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید مؤثر، مستحکم اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے سے بجلی کی بندش میں کمی لانے میں مدد ملے گی، جبکہ 640 میگاواٹ ونڈ پاور کو قومی گرڈ میں شامل کیا جائے گا، جس سے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کو بھی تقویت ملے گی۔
عالمی بینک کے مطابق جدید ٹرانسمیشن نظام بجلی کی ترسیل کے نقصانات اور لاگت میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین کو زیادہ بہتر اور مستحکم بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔
اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت پاکستان کے بجلی کے نظام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زیادہ محفوظ اور مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اس منصوبے سے ہر سال تقریباً 8 لاکھ 32 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ حکومت کی پاور سیکٹر اصلاحات کو بھی تقویت دے گا اور ملک میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو جدید بنانے کے ساتھ قابلِ تجدید توانائی کے استعمال میں اضافے کی حکومتی کوششوں کی حمایت کرے گا۔