پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ بہتر ہوگئی، 100ویں نمبر پر آگیا

image

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 جاری کردیا گیا جس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان تین درجے ترقی کرتے ہوئے 103ویں نمبر سے 100ویں نمبر پر آگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری اب دنیا کے 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت سے سفر کر سکتے ہیں جس کے باعث پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ مسلسل ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا جس کے حامل شہری 192 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سفر کرسکتے ہیں۔

رپورٹ میں جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات کو مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ سویڈن تیسرے نمبر پر رہا۔ امریکا 180 ممالک تک ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی کے باوجود دسویں نمبر پر آگیا ہے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق افغانستان کا پاسپورٹ دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا جبکہ شام 102ویں، عراق 101ویں، پاکستان 100ویں اور یمن 99ویں نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس ہر سال مختلف ممالک کے پاسپورٹس کی درجہ بندی اس بنیاد پر جاری کرتا ہے کہ ان کے حامل شہری دنیا کے کتنے ممالک میں پیشگی ویزا کے بغیر یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US