کراچی بھر میں فلور ملز اور آٹا چکیوں پر 673 چھاپے، ضلع کورنگی اور جنوبی میں بڑی کارروائیاں

image

حکومتِ سندھ کی خصوصی ہدایات پر کراچی میں آٹے کی مقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہر کے ساتوں اضلاع میں فلور ملز، آٹا چکیوں، ہول سیلرز اور ریٹیل دکانوں پر 673 انسپیکشنز کیں، جن کے دوران سرکاری نرخوں اور قواعد کی خلاف ورزی پر 143 کیسز رپورٹ ہوئے۔

گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر پر مجموعی طور پر 12 لاکھ 5 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر آٹے کے دو بڑے مراکز سیل اور 144 دکانداروں کو تنبیہی نوٹس جاری کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع کورنگی میں سب سے زیادہ 202 مقامات کی جانچ پڑتال کی گئی جہاں 27 خلاف ورزیوں پر 3 لاکھ 64 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور ایک مرکز سیل ہوا۔

اسی طرح ضلع جنوبی میں 135 انسپیکشنز کے دوران 46 خلاف ورزیوں پر 3 لاکھ 54 ہزار روپے، ضلع شرقی میں 21 خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ 65 ہزار روپے، ضلع وسطی میں 21 کیسز پر ایک لاکھ 59 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ ایک مرکز سیل کیا گیا، جبکہ ضلع کیماڑی میں بھی 21 خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ 54 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

کارروائی کے دوران 322 کاروباری مراکز کی صورتحال تسلی بخش پائی گئی اور 57 مقامات پر شہریوں کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔

حکومتِ سندھ نے انتظامیہ کو آٹے کے ذخائر، لائسنسوں اور نرخ ناموں کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ زائد قیمت وصولی اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US