آپریشن شعبان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری، مزید 13 مشتبہ دہشتگرد ہلاک

image

بلوچستان میں منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر حملے کے بعد شروع کیے گئے آپریشن شعبان کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 13 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان آرمی، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی مشترکہ کارروائیاں پہاڑی علاقوں میں جاری ہیں، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 اور 7 جولائی کو 26 مشتبہ دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے، جبکہ تازہ کارروائی کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا محاصرہ مزید سخت کررہی ہیں۔

ادھر خضدار کے علاقے زہری میں جمعہ کو پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں 8 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی گئی ایک اور کارروائی میں مزید 5 سے 6 مشتبہ دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر سکیورٹی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 75 مشتبہ دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ اعداد و شمار اور دعوے سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں، جن کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US