وزیراعظم شہباز شریف نے منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے جاری آپریشن شعبان کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں سیکیورٹی فورسز کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن میں اب تک 75 دہشت گردوں کا ہلاک ہونا فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں آپریشن شعبان کے دوران فورسز کی حکمتِ عملی اور مؤثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ وزیراعظم نے خضدار میں منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر پاک فوج اور ایف سی کے دستوں کی بروقت کارروائی کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور پوری قوم کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی، اور دہشت گردی کو ملک سے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی، جبکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج، ایف سی اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔