متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے عالمی جریدے دی اکانومسٹ کی حالیہ رپورٹ کے حوالے سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس رپورٹ نے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 17 سالہ طرزِ حکمرانی پر عدم اعتماد کی مہر ثبت کر دی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی کو دنیا کے بدترین قابلِ رہائش شہروں کی فہرست میں پہنچانے کی اصل ذمہ دار سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی ہے۔ شہر میں ٹوٹی سڑکیں، ہر طرف پھیلی گندگی، پانی کا شدید بحران اور بدترین ٹریفک جام جیسے مسائل پیپلز پارٹی کی ناقص کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پورے ملک کی معیشت کا انجن ہے، مگر اس کے باوجود پیپلز پارٹی نے اسے بنیادی ترین انسانی سہولیات سے بھی محروم کردیا ہے۔ اگر سندھ حکومت نے کراچی کے مسائل کے حل میں ذرا بھی سنجیدگی دکھائی ہوتی، تو آج عالمی سطح پر شہر کی اتنی بری درجہ بندی نہ ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عملی اقدامات کے بجائے صرف کھوکھلے دعوؤں اور اشتہارات کی سیاست میں مصروف رہی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کراچی عالمی اشاریوں میں مسلسل تنزلی کا شکار ہوتا چلا گیا۔ کراچی کے عوام کو ترقی کے نام پر صرف بدانتظامی، کرپشن اور ناقص حکمرانی کا تحفہ دیا گیا ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کو اس کا جائز حق دلانے، شہر میں بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام اور شہری مسائل کے مستقل حل کے لیے اپنی سیاسی و قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔