دیامر میں سیلابی ریلوں کی تباہی، شاہراہِ قراقرم بند، مسافر پھنس گئے

image

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں گزشتہ رات مختلف وادیوں میں آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی جبکہ شاہراہِ قراقرم مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئی۔

مقامی پولیس کے مطابق سیلابی ریلوں سے متعدد مکانات، درخت، زرعی فصلیں، رابطہ پل، پن چکیاں اور واٹر چینلز شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹس کے مطابق چلاس میں گونر فارم نرسری کے قریب سیلابی ریلے کے بعد شاہراہِ قراقرم گزشتہ رات سے ٹریفک کے لیے بند ہے، جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

سڑک کی بندش کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں، جنہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہِ قراقرم کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے۔

متعلقہ اداروں نے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے، ملبہ ہٹانے اور سڑکوں و پلوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، تاہم بحالی کے عمل میں وقت لگنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US