پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی کے لیے فوری اقدامات کریں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تمام فریقین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں اور مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہے اور کشیدگی میں اضافے کے بجائے بات چیت کو ہی واحد مؤثر راستہ سمجھتا ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے تصدیق کی ہے کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف مزید حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ سینٹکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے شہری اور تجارتی بحری جہازوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہو گئی ہے، جس پر عالمی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔