خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے میں اے ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا ٹانک کے علاقے فقیرنی میں اس وقت ہوا جب پولیس کی بکتر بند گاڑی معمول کی ڈیوٹی پر موجود تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں اے ایس آئی فرید اور کانسٹیبل اختر زمان شہید ہوگئے، جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔ دھماکے سے بکتر بند گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ریسکیو ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت، اس میں استعمال ہونے والے مواد اور حملے کے ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائی جاری رہے گی۔