'زنجیریں' میں سجل علی کی اداکاری پر نادیہ خان کی تنقید، ڈائیلاگ ڈیلیوری پر سوال اٹھا دیا

image

"رابعہ مسلسل بھاگ رہی تھی اور بڑے سکون سے کہہ رہی تھی، 'کوئی ہے؟' اگر واقعی کوئی آپ کا پیچھا کر رہا ہو اور آپ کی جان خطرے میں ہو تو کیا آپ اتنی آہستہ آواز میں مدد مانگیں گے؟ ایسی صورتحال میں انسان پوری طاقت سے 'بچاؤ، بچاؤ' پکارتا ہے۔ اداکاری، جسمانی حرکات اور آواز کا آپس میں کوئی میل نہیں تھا۔ حیرت کی بات یہ بھی تھی کہ دانیال نے اتنی دھیمی آواز بھی سن لی۔ آواز سن کر ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی دریا کنارے بیٹھا پانی سے کھیلتے ہوئے آہستہ آہستہ کہہ رہا ہو، 'کوئی ہے؟' مجھے تو یہ منظر بالکل غیر حقیقی لگا۔"

مقبول ڈرامہ سیریل "زنجیریں" نے ابتدا میں زیادہ توجہ حاصل نہیں کی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ڈرامے کو ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملنا شروع ہوگئی۔ خاص طور پر پروگرام "کیا ڈرامہ ہے" کے میزبان اور تجزیہ کار اس پر مسلسل تبصرے کر رہے ہیں، لیکن حالیہ قسط میں نادیہ خان نے سجل علی کی ایک پرفارمنس پر تنقید کرتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ڈرامے کے ایک منظر میں، جہاں سجل علی کا کردار جان بچانے کے لیے بھاگ رہا تھا، وہاں ان کی آواز اور جذبات صورتحال کے مطابق محسوس نہیں ہوئے۔ ان کے مطابق اگر کوئی واقعی خطرے میں ہو تو اس کا ردعمل کہیں زیادہ بے ساختہ اور بلند آواز میں مدد مانگنے والا ہونا چاہیے، جبکہ اس منظر میں اداکاری اور مکالمے کی ادائیگی ایک دوسرے سے ہم آہنگ نظر نہیں آئے۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں سجل علی کے مکالمے کی نقل بھی اتاری، جس پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے نادیہ خان کی تنقید سے اتفاق کیا، جبکہ کئی مداحوں نے سجل علی کی اداکاری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی بہترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور ایک منظر کی بنیاد پر ان کی مجموعی کارکردگی کا اندازہ لگانا مناسب نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US