عمر شہزاد اور ان کی اہلیہ شانزے لودھی کے گھر ننھے مہمان کی آمد

image

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور ماڈل عمر شہزاد اور ان کی اہلیہ شانزے لودھی کے گھر ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے، جس کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارک باد اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔

جوڑے نے سوشل میڈیا پر اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی خوش خبری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے ننھے شہزادے کا نام اسماعیل رکھا ہے، جو حضرت اسماعیل علیہ السلام کے نام سے منسوب ہے۔

عمر شہزاد اور شانزے لودھی نے بیٹے کی آمد کے موقع پر ایک خوبصورت اعلان بھی جاری کیا، جس میں بچے کی صحت، مضبوط ایمان، خوشیوں بھری زندگی اور نیک انسان بننے کی دعا شامل تھی۔

تاہم اس خوشی کے پیچھے شانزے لودھی کی ایک مشکل اور جذباتی جدوجہد بھی چھپی تھی، جس کا ذکر انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا۔

شانزے لودھی نے لکھا، ’’24 گھنٹے کی تکلیف، آنسو، دعائیں اور ایسی ہمت جس کا ہمیں خود بھی اندازہ نہیں تھا۔ یہ سفر میرے لیے جسمانی طور پر بہت مشکل تھا، جبکہ میرے شوہر بھی ایسے جذبات سے گزر رہے تھے جنہیں الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مشکل وقت میں عمر شہزاد ہر لمحہ ان کے ساتھ کھڑے رہے اور دونوں نے مل کر اس مرحلے کا سامنا کیا۔

شانزے کے مطابق جب بالآخر انہوں نے اپنے بیٹے کو پہلی مرتبہ گود میں لیا تو تمام تکلیفیں بھول گئیں اور دل محبت اور شکر کے جذبات سے بھر گیا۔

انہوں نے لکھا جس لمحے ہم نے اپنے ننھے معجزے کو بانہوں میں لیا، سارا درد ختم ہوگیا۔ اس ایک لمحے نے ہر مشکل کو بھلا دیا۔ الحمدللہ!‘‘

واضح رہے کہ عمر شہزاد اور شانزے لودھی نے فروری 2025 میں مدینہ منورہ کی مسجد نبوی ﷺ میں نکاح کیا تھا۔ ان کی نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہوئی تھیں اور مداحوں نے اس خوبصورت موقع پر بھی جوڑے کو بھرپور مبارک باد دی تھی۔

عمر شہزاد ان دنوں ڈرامے ’اسوہ‘ میں اپنی اداکاری کے باعث ناظرین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں، جبکہ بیٹے کی پیدائش کی خبر نے ان کی ذاتی زندگی کی خوشیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر مداح جوڑے کو زندگی کے اس نئے سفر کی مبارک باد دے رہے ہیں اور ننھے اسماعیل کی صحت، سلامتی اور روشن مستقبل کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US