کیش لیس نظام سے معیشت میں شفافیت اور پائیدار ترقی ممکن ہوگی، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے سے پائیدار معاشی ترقی کو فروغ ملے گا اور مالیاتی نظام میں شفافیت آئے گی۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور معیشت کو کیش لیس نظام کی جانب منتقل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے کیو آر کوڈ استعمال کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں 300 فیصد اضافہ ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مرچنٹس کو کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک سال کے دوران 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ ہونا ڈیجیٹل معیشت کی جانب پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کیش لیس معیشت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے بیرونِ ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر کو سو فیصد ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو شفاف، تیز رفتار اور مستحقین کے لیے سہل قرار دیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025 سے جون 2026 کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے مرچنٹس کی تعداد 300 فیصد اضافے کے بعد 20 لاکھ 3 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جبکہ نادرا کی 99 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل ہو چکی ہیں اور نقد ادائیگیوں کا تناسب 71 فیصد سے کم ہو کر صرف ایک فیصد رہ گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایک کروڑ مستحقین کو تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جا رہی ہیں، جبکہ ملک میں موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران 11.9 ارب ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال بیرونِ ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر کا 92 فیصد حصہ ڈیجیٹل ذرائع سے وصول کیا گیا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کیش لیس معیشت سے متعلق تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن جاری ہے اور اس کی حتمی رپورٹ سفارشات سمیت نومبر 2026 میں پیش کی جائے گی۔ پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن نے بھی اپنے رکن بینکوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں، بالخصوص راست نظام کے فروغ کے لیے اہداف دے دیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US