راولاکوٹ میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ، ایک رینجرز اہلکار شہید، دوسرا زخمی

image

آزاد جموں و کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے آٹومیٹک ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائیاں شروع کر دیں اور حملے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکومت آزاد جموں و کشمیر نے واقعے کے بعد انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے سابقہ مقدمات کی واپسی کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا جس کے بعد متعلقہ مقدمات پر دوبارہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران سرغنہ مہران کے قریبی ساتھی ظہیر سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر مطلوب افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US