چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دو روزہ سرکاری دورۂ ترکیہ کے دوران انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی۔
ترک ایوانِ صدر کے مطابق یہ ملاقات انقرہ ایئرپورٹ پر اس وقت ہوئی جب صدر اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے والے تھے۔ ملاقات بند کمرے میں ہوئی، جس میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراولو اور قومی انٹیلی جنس ادارے (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔
سرکاری سطح پر ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سفارتی اور دفاعی حلقوں کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک۔ترک دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں، علاقائی سلامتی، مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
یہ ملاقات ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات میں مسلسل پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی پیداوار، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں اور عسکری تربیت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراولو سے بھی ملاقات کی تھی، جس کے دوران انہیں ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی روابط، دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دفاعی مبصرین کے مطابق صدر رجب طیب اردوان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دفاعی شراکت داری اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔