پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پیشگوئی کی ہے کہ صفر المظفر 1448 ہجری کا چاند 15 جولائی کی شام نظر آنے کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔
سپارکو کے مطابق صفر المظفر کے چاند کی پیدائش 14 جولائی کو دوپہر 2 بج کر 44 منٹ پر ہوئی، جبکہ 15 جولائی کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 29 گھنٹے اور ایک منٹ ہوگی، جو رویتِ ہلال کے لیے موزوں تصور کی جاتی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 65 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جس کے باعث چاند دیکھے جانے کے امکانات مزید بڑھ جاتے ہیں۔
فلکیاتی جائزوں کے مطابق اگر آج شام چاند نظر آ گیا تو ملک بھر میں یکم صفر المظفر 1448 ہجری بروز جمعرات 16 جولائی سے شروع ہوگا، جبکہ ماہِ محرم الحرام کا اختتام بھی اسی کے ساتھ ہوجائے گا۔
تاہم سپارکو نے واضح کیا ہے کہ نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی چاند کی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کرے گی۔