اب پاسپورٹ کے لیے گھر بیٹھے آن لائن درخواست دینا ممکن ہوگا

image

حکومت نے روایتی مشین ریڈیبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کو مرحلہ وار ختم کرکے جدید ای پاسپورٹ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت شہری مستقبل میں گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے، آن لائن فیس جمع کرائیں گے اور پاسپورٹ ان کے گھر تک پہنچایا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس محمد عبد الخالق نے بتایا کہ پاکستان نے اپنا پہلا ای پاسپورٹ 2022 میں جاری کیا تھا تاہم اس وقت یہ نظام عالمی ای گیٹس سے مکمل طور پر منسلک نہیں تھا۔ ان کے مطابق 2025 میں نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا جس کے بعد پاکستان کے پاس بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل ای پاسپورٹ سسٹم موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے ای پاسپورٹ میں جدید لیزر اینڈ گریونگ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ شامل کیا گیا ہے جس سے اس کی جعل سازی انتہائی مشکل ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ دنیا بھر کے ای گیٹس پر پاسپورٹ میں موجود ڈیجیٹل معلومات کی فوری تصدیق ممکن ہوگی جس سے پاکستانی مسافروں کو طویل جانچ پڑتال اور غیر ضروری انتظار سے بھی نجات ملے گی۔

محمد عبد الخالق کے مطابق نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کے حصول کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آسان بنایا جا رہا ہے۔ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کو پاسپورٹ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں موجود شہری آن لائن درخواست، تصاویر اور دیگر مطلوبہ دستاویزات جمع کرا سکیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی درخواست گزار کو بائیومیٹرک تصدیق یا آن لائن درخواست جمع کرانے میں دشواری پیش آئے تو وہ قریبی پاسپورٹ آفس یا نادرا مرکز جا کر اپنا بائیومیٹرک اور دیگر مطلوبہ ڈیٹا فراہم کر سکے گا، تاہم نئے نظام کے باعث طویل قطاروں میں انتظار کی ضرورت نہیں رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US