"میری فٹنس کا راز بہت سادہ ہے۔ اگر انسان کے دل میں سکون ہو اور وہ دوسروں کے لیے صاف نیت رکھتا ہو تو اس کا اثر اس کی شخصیت پر ضرور نظر آتا ہے۔ جو لوگ دوسروں کا حق مارتے ہیں، ناجائز دولت کماتے ہیں یا ظلم کرتے ہیں، وقت کے ساتھ وہ سب ان کے چہرے پر جھلکنے لگتا ہے۔ اگر آپ عاجزی اختیار کریں، اچھا کردار اپنائیں اور دیانت داری سے زندگی گزاریں تو یہی چیز آپ کے چہرے اور صحت دونوں میں نمایاں ہو جاتی ہے۔"
پاکستان کے معروف اداکار شہزاد نواز نے اپنی شاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی بہترین فٹنس سے بھی مداحوں کو ہمیشہ متاثر کیا ہے۔ پچاس برس کی عمر عبور کرنے کے باوجود ان کی شخصیت اور جسمانی چستی اکثر ڈراموں کے نوجوان اداکاروں پر بھی بھاری دکھائی دیتی ہے، جس کی وجہ جاننے کے لیے مداح ہمیشہ بےتاب رہتے ہیں۔
حال ہی میں وہ واصع چوہدری کے شو "گپ شب" میں شریک ہوئے جہاں حاضرین میں سے ایک شخص نے ان سے سوال کیا کہ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید فٹ، پرکشش اور ہینڈسم کیسے نظر آتے ہیں اور کیا اس کے پیچھے کوئی خاص ڈائٹ پلان ہے؟
اس سوال کے جواب میں شہزاد نواز نے کسی ورزش یا غذا کا نسخہ بتانے کے بجائے زندگی کا ایسا فلسفہ بیان کیا جس نے حاضرین کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل خوبصورتی اور تندرستی صرف جسمانی محنت سے نہیں بلکہ صاف نیت، ایمانداری، عاجزی اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنے سے بھی جنم لیتی ہے۔ ان کے مطابق انسان کا باطن ہی اس کے چہرے کی اصل پہچان بن جاتا ہے، اسی لیے وہ سمجھتے ہیں کہ اچھی سوچ اور اچھے اعمال ہی دیرپا فٹنس اور شخصیت کا سب سے بڑا راز ہیں۔
شہزاد نواز کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں متعدد صارفین ان کے خیالات کو نہ صرف سراہ رہے ہیں بلکہ اسے نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت اور سبق آموز پیغام بھی قرار دے رہے ہیں۔