والد سے متعلق بیان پر بشریٰ انصاری تنقید کا شکار بن گئیں

image

"میرے والد نے ایک فلم بنائی تھی جس میں انہوں نے اپنی اور اپنے والدین کی جمع پونجی لگا دی، لیکن فلم ناکام ہوگئی۔ اس کے بعد ان کے اور میرے دادا دادی کے تعلقات بہت خراب ہوگئے۔ میرے والد کو اپنی والدہ کی قبر کا بھی علم نہیں تھا۔ تقریباً 30 سال بعد میں نے خواب میں اپنی دادی کو دیکھا اور یہ بات والد صاحب کو بتائی۔ پھر وہ ان کی قبر تلاش کرنے نکلے اور ایک قبر پر کھڑے ہو کر بہت روئے، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ وہ غلط قبر تھی۔ میرے والد بےحد بااصول اور ایماندار انسان تھے، مگر ایک بیٹے کے طور پر وہ اپنی والدہ کے ساتھ انصاف نہیں کر سکے۔"

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے والد، معروف صحافی احمد بشیر، کی زندگی کا ایسا پہلو بیان کیا جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ ان کے انکشاف نے جہاں کئی لوگوں کو جذباتی کیا، وہیں متعدد صارفین نے ذاتی خاندانی معاملات عوام کے سامنے بیان کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

بشریٰ انصاری نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کے والد اپنی اصول پسندی اور دیانت داری کے باعث ہمیشہ منفرد رہے، تاہم زندگی کے کچھ فیصلوں نے انہیں اپنے ہی خاندان سے دور کر دیا۔ انہوں نے ایک ناکام فلم کے بعد پیدا ہونے والے خاندانی اختلافات اور اپنی دادی کی قبر سے متعلق پیش آنے والا واقعہ بھی تفصیل سے بیان کیا، جسے سن کر پروگرام کے شرکا بھی خاموش ہوگئے۔

ادھر سوشل میڈیا پر اس گفتگو کے بعد مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ والدین کی ذاتی زندگی اور خاندانی معاملات کو عوامی سطح پر بیان نہیں کرنا چاہیے۔ کچھ افراد نے رائے دی کہ ممکن ہے اس وقت خاندان کے دوسرے افراد کا رویہ بھی درست نہ رہا ہو، جبکہ کئی لوگوں نے اسے غیر ضروری ذاتی انکشاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کو ایسے نجی واقعات عوام کے سامنے لانے سے گریز کرنا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US