امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں زمینی فوج تعینات کرنے کے آپشن پر غور کر رہے ہیں۔ امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی جزائر پر قبضے کے امکان کا جائزہ لے رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران جلد شکست کھا جائے گا تہران مذاکرات کا خواہاں ہے اور امریکا دیکھے گا کہ اس کے ساتھ کوئی سمجھوتا کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران نے بائیڈن دور میں گرفتار ایک امریکی خاتون کو رہا کیا ہے، جسے وہ خیرسگالی کا اقدام سمجھتے ہیں۔
ایرانی پُلوں پر حملوں کی ڈیڈ لائن سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ڈیڈ لائن دینا پسند نہیں، تاہم ایران کو اپنا رویہ بہتر بنانا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کی جانب جانے والے ایک ٹینکر کو ناکارہ بنا دیا۔سینٹ کام کے مطابق تجارتی جہاز نے متعدد وارننگز کو نظر انداز کیا اور امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی جس پر امریکی طیارے نے جہاز کو نشانہ بنایا۔