پاکستانی ماڈل ہما سلیم نے سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی کرکٹر کے خلاف ہراسانی، دھمکیوں اور ذہنی دباؤ کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے جلد قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہما سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایک معروف پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا مذکورہ شخص سے کوئی رابطہ نہیں، اس کے باوجود انہیں اور ان کے قریبی افراد کو مبینہ طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔
ماڈل نے مزید کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں اس کرکٹر کی شناخت سامنے لائیں گی اور اپنے وکیل کے ذریعے قانونی چارہ جوئی بھی کریں گی۔
واضح رہے کہ ہما سلیم نے اپنی پوسٹ میں کسی بھی کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا، جبکہ ان الزامات پر متعلقہ شخص کا مؤقف بھی تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔