پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں منعقدہ آئی سی اے او ایشیا پیسیفک ریجنل ایوی ایشن سیفٹی ٹیم (اے پی آر اے ایس ٹی/25) کے اجلاس میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے 07L/25R کی کامیاب تعمیرِ نو اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ پیش کیا، جسے عالمی ماہرین نے فضائی حفاظت اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے ایک نمایاں کامیابی قرار دیتے ہوئے سراہا۔
22 سے 26 جون 2026 تک منعقد ہونے والے اجلاس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی انجینئر حافظ زاہد اسحاق (پراجیکٹ ڈائریکٹر، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ)، انجینئر منیب احمد خان (سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر، پی اے اے) اور ماہ رخ ایم حسین (سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر، آئی سی اے او سیل، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی) نے کی۔
اجلاس کے دوران انجینئر حافظ زاہد اسحاق نے “Schedule-Optimized Runway Reconstruction with Safety Assurance under Live Aerodrome Operations” کے عنوان سے ورکنگ پیپر پیش کیا، جس میں بتایا گیا کہ کراچی ایئرپورٹ کے رن وے کی تعمیرِ نو کا منصوبہ 18 ماہ میں مقررہ وقت پر مکمل کیا گیا، اس دوران نہ کوئی تاخیر ہوئی، نہ اضافی لاگت آئی اور نہ ہی کسی قسم کا کلیم سامنے آیا۔
پریزنٹیشن کے مطابق تعمیراتی مرحلے کے دوران تقریباً 60 ہزار پروازوں کی محفوظ آپریشنل سرگرمیاں جاری رہیں، ایک کروڑ کے قریب مسافروں کو خدمات فراہم کی گئیں اور پورے منصوبے کے دوران کوئی بھی رپورٹ ہونے والا آپریشنل سیفٹی واقعہ پیش نہیں آیا۔ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے بعد رن وے کو تجارتی پروازوں کے لیے باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا۔
ورکنگ پیپر میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مؤثر باہمی تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا، جس کے ذریعے منصوبہ بندی، ریگولیٹری نگرانی، تعمیر، سرٹیفیکیشن اور آپریشنل آغاز کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق مکمل کیا گیا۔
اجلاس کے دوران امریکہ اور ایروتھائی کے نمائندوں نے پاکستان کے سیفٹی ایشورنس فریم ورک اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر اشتراک پر مبنی نظام کو سراہتے ہوئے اسے ایشیا پیسیفک خطے کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل قرار دیا۔