"میرے والد کا انتقال اس وقت ہوا جب میری عمر صرف چار سال تھی۔ انہیں پھیپھڑوں کا کینسر تھا، لیکن آج بھی مجھے ان کی محبت یاد ہے۔ وہ شدید تکلیف میں ہونے کے باوجود مجھے ہمیشہ اپنی گود میں رکھتے تھے اور بے حد لاڈ کرتے تھے۔ والد کی کمی زندگی کے خاص مواقع پر شدت سے محسوس ہوتی ہے، لیکن میری والدہ نے ہمیشہ ماں اور باپ دونوں کا کردار ادا کیا۔
جب میری والدہ نے دوسری شادی کی تو میری عمر تقریباً سات سال تھی۔ میں نے ہمیشہ ان کی اس فیصلے میں حمایت کی کیونکہ میں چاہتی تھی کہ وہ خوش رہیں۔ اس شادی سے ہونے والے میرے بہن بھائیوں کو قبول کرنے میں بھی مجھے کبھی کوئی مشکل پیش نہیں آئی، بلکہ میں اپنے سب سے چھوٹے بہن بھائیوں کو اپنے بچوں کی طرح پیار کرتی ہوں۔"
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ زوہا توقیر نے پہلی بار اپنے والد کی وفات، والدہ عائشہ جہانزیب کی دوسری شادی اور اپنی خاندانی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی ہے، جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
'آپا شمیم' اور 'ضبط' جیسے ڈراموں سے پہچان بنانے والی زوہا توقیر نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ کم عمری میں والد کو کھونے کا دکھ آج بھی ان کے دل میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اس وقت بہت چھوٹی تھیں، لیکن والد کی محبت اور شفقت کی یادیں آج بھی ان کے ساتھ ہیں۔
اداکارہ نے اپنی والدہ، معروف اینکر اور اداکارہ عائشہ جہانزیب کی دوسری شادی پر بھی کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی والدہ کے فیصلے کی حمایت کی کیونکہ وہ چاہتی تھیں کہ ان کی والدہ اپنی زندگی میں خوش رہیں۔ زوہا نے یہ بھی بتایا کہ دوسری شادی سے پیدا ہونے والے بہن بھائیوں کو انہوں نے دل سے قبول کیا اور آج بھی ان سے بے حد محبت کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ عائشہ جہانزیب نے اپنی دوسری شادی بعد ازاں ختم کر دی تھی اور انہوں نے سابق شوہر پر تشدد اور بے وفائی جیسے سنگین الزامات بھی عائد کیے تھے۔ زوہا توقیر کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں صارفین ان کی پختہ سوچ، والدہ سے محبت اور خاندانی رشتوں کے بارے میں مثبت رویے کو سراہ رہے ہیں۔