الجزائر کے دارالحکومت کے مشرقی نواحی علاقے محمدیہ میں واقع ایک یتیم خانے میں جمعرات کی صبح اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے ہیں۔
شہری دفاع کے حکام کے مطابق فائر فائٹرز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے اور بچاؤ کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ زخمی ہونے والوں میں سے 10 افراد جھلس گئے ہیں، جبکہ عمارت میں موجود 5 معذور افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
فی الحال جاں بحق ہونے والوں کی شناخت، عمر یا حادثے کی وجہ سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ الجزائر ان دنوں شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے اور شہری دفاع کے مطابق 8 جولائی سے اب تک ملک بھر میں آگ لگنے کے 913 واقعات پر قابو پایا جاچکا ہے۔