بھارت میں 150 کروڑ کی جائیداد کے تنازع پر بیٹے نے باپ کی جان لے لی

image

بھارتی شہر غازی آباد میں جائیداد کے تنازع پر 32 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر اپنے والد کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 52 سالہ مقتول ہری اوم چوہدری علاقے کے ایک خوش حال کسان تھے جن کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 150 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نے اپنے بڑے بیٹے نکہل کو پہلے ہی مارکیٹ میں دکانیں اور زمین دے رکھی تھی، تاہم وہ باقی جائیداد بھی اپنے نام منتقل کروانے کا مطالبہ کر رہا تھا جس پر دونوں کے درمیان اکثر تنازع رہتا تھا۔

گزشتہ رات ملزم نکہل مبینہ طور پر نشے کی حالت میں گھر پہنچا اور والد کی جانب سے ڈانٹ ڈپٹ کے بعد جھگڑا بڑھنے پر پستول نکال کر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ہری اوم موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق مقتول کے جسم پر 4 سے 6 گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں جبکہ ملزم واردات کے بعد اسلحے سمیت فرار ہوگیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے 4 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نکہل نے 2018ء میں اپنے چھوٹے بھائی نیشو پر بھی فائرنگ کی تھی، پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US