اللہ نے مجھے والد کی خدمت کا صلہ دیا، نادیہ خان کا دل چھو لینے والا انکشاف

image

"میرا یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے زندگی میں جتنی نعمتیں عطا کی ہیں، ان میں میرے والد کی خدمت کا بہت بڑا حصہ ہے۔ جب بھی میرے والد سفر کرتے، وہ ہمیشہ اکانومی کلاس کی ٹکٹ لیتے، لیکن میں خاموشی سے اسے بزنس کلاس میں اپ گریڈ کروا دیتی تھی۔ میں نے کبھی اپنے لیے ایسی خواہش نہیں رکھی، مگر اپنے والد کے آرام کا ہمیشہ خیال رکھا۔ آج وہ بہت عمر رسیدہ ہیں، لیکن اب بھی محبت سے وہ سب باتیں یاد کرتے ہیں کہ میں نے مختلف مواقع پر ان کی کتنی خدمت کی۔

میرے والد کی ایک خواہش تھی کہ ریٹائرمنٹ کے بعد مری میں رہیں، لیکن بچوں کی شادیاں اور دیگر ذمہ داریوں کی وجہ سے وہ اپنا یہ خواب پورا نہ کر سکے۔ دبئی سے واپسی کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ رمضان مری میں گزارنا چاہتے ہیں۔ ہم وہاں گئے، لیکن ہوٹل نہ صرف مہنگے تھے بلکہ کئی جگہوں پر صفائی کا بھی مناسب انتظام نہیں تھا۔ تب میں نے فیصلہ کیا کہ اپنے والد کے لیے ایک کاٹیج خریدوں۔ میں نے بھربن میں ان کے لیے ایک خوبصورت کاٹیج خریدا اور اس کا نام 'ابا کاٹیج' رکھا۔ وہ آج بھی وہاں جانا بہت پسند کرتے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ اولاد کو اپنے والدین کی خواہشات ضرور یاد رکھنی چاہئیں، کیونکہ والدین ہمیشہ اپنی خوشیوں سے پہلے اپنے بچوں کے بارے میں سوچتے ہیں۔"

پاکستان کی معروف اداکارہ، میزبان اور یوٹیوبر نادیہ خان نے اپنے والد سے محبت اور ان کی خدمت کے حوالے سے دل کو چھو لینے والے انکشافات کیے ہیں، جنہوں نے مداحوں کو بھی جذباتی کر دیا۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کی کامیابیوں اور اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ برکتوں کا بڑا سبب اپنے والد کی خدمت کو سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق والدین کی خوشی اور راحت کا خیال رکھنا ایسا عمل ہے جس کا صلہ اللہ دنیا اور آخرت دونوں میں عطا کرتا ہے۔

نادیہ خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کا ایک ادھورا خواب بھی پورا کیا۔ ان کے والد ریٹائرمنٹ کے بعد مری میں رہنے کی خواہش رکھتے تھے، لیکن گھریلو ذمہ داریوں کے باعث ایسا نہ ہو سکا۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے بھربن میں والد کے لیے ایک کاٹیج خرید کر اس کا نام "ابا کاٹیج" رکھا، جہاں ان کے والد آج بھی سکون کے لمحات گزارتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ والدین اپنی پوری زندگی بچوں کی خواہشات پوری کرنے میں گزار دیتے ہیں، اس لیے اولاد کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی چھوٹی سے چھوٹی خواہش کو بھی اہمیت دے۔ نادیہ خان کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین ان کے والد سے محبت اور خدمت کے جذبے کو خوب سراہ رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US