پاور سیکٹر میں مؤثر، شفاف اور جدید ڈیٹا گورننس کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پبلک سیکٹر کی پہلی ڈیٹا گورننس کونسل کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کونسل کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے اور اس کے مؤثر و بروقت فیصلوں کے لیے ایگزیکٹو ورکنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کر دی۔
اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو ڈیٹا گورننس کونسل کے مجوزہ ادارہ جاتی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایگزیکٹو ورکنگ کمیٹی کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پیش رفت کی مسلسل نگرانی بھی کرے گی تاکہ پاور سیکٹر میں ڈیٹا گورننس کے نظام کو مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پاور سیکٹر میں مؤثر فیصلہ سازی کے لیے قابلِ اعتماد، مربوط اور معیاری ڈیٹا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا گورننس کونسل جدید، شفاف اور جوابدہ حکمرانی کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گی، جبکہ کونسل کے ذریعے پاور سیکٹر میں ڈیٹا کے یکساں معیارات اور مؤثر انتظام کو یقینی بنایا جائے گا۔
سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ ڈیٹا کا مؤثر استعمال بجلی کے شعبے میں بہتر کارکردگی، وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور پالیسی سازی کو مزید مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا گورننس کونسل شفافیت، احتساب اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان پاور سیکٹر میں ڈیجیٹل گورننس، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔