ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، کیونکہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 20 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے۔
درخواست کے مطابق جون کے دوران ایندھن کی لاگت میں ہونے والے فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں اضافہ کیا جائے۔
نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست پر 29 جولائی کو سماعت مقرر کر دی ہے جس میں تمام متعلقہ فریقین کا مؤقف سننے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق اگر نیپرا اس درخواست کی منظوری دیتا ہے تو ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ملک بھر کے بجلی صارفین کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔نیپرا کی منظوری کے بعد اضافی وصولی آئندہ ماہ کے بجلی کے بلوں میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔