آزاد کشمیر انتخابات 2026، پولنگ ڈیوٹی عملے کے لیے خصوصی ووٹنگ شیڈول جاری

image

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں پولنگ ڈیوٹی پر مامور سرکاری عملے کے لیے خصوصی پولنگ شیڈول جاری کر دیا ہے تاکہ انتخابی فرائض انجام دینے والے ملازمین بھی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر کو خصوصی پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی منظوری دے دی گئی ہے، جہاں پولنگ ڈیوٹی پر مامور ملازمین 20 جولائی 2026 کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پولنگ عملہ اپنے پوسٹل بیلٹ پیپرز سیل شدہ علیحدہ بیلٹ باکس میں جمع کرائے گا۔ پولنگ کے اختتام پر ریٹرننگ آفیسرز امیدواروں یا ان کے مجاز پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بیلٹ باکسز کو سیل کر کے محفوظ مقام پر رکھیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 27 جولائی کو عام انتخابات کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد سرکاری ووٹوں کی گنتی کے مرحلے میں ان سیل شدہ بیلٹ باکسز کو کھولا جائے گا۔ پوسٹل بیلٹس کی گنتی بھی امیدواروں اور ان کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں کی جائے گی تاکہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

الیکشن کمیشن نے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز، ریٹرننگ آفیسرز اور متعلقہ انتظامی حکام کو نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ان خصوصی انتظامات کا مقصد پولنگ ڈیوٹی پر مامور ملازمین کو بروقت اور آسان طریقے سے حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد شکیل خان نے اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US