ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں "آپریشن نصر 2" کی گیارہویں مرحلے کے دوران شام کے علاقے التنف میں قائم امریکی فوج کے اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایران کے شہر ایرانشہر کے علاقے بمپور میں شہید ہونے والے ایرانی فوجی اہلکاروں کے ردعمل میں کی گئی۔
بیان کے مطابق حملے میں امریکی فوج کے زیر استعمال ایک ریڈار نظام کو تباہ کیا گیا جبکہ اسپیشل آپریشنز کے لیے موجود کئی ہیلی کاپٹروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی دعوے کے مطابق اس کارروائی میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے تاہم اس حوالے سے امریکا کی جانب سے فوری طور پر کوئی تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول برقرار ہے اور اگر امریکا کی فوجی کارروائیاں جاری رہیں تو اس اہم بحری گزرگاہ سے تیل اور گیس کی ترسیل روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔