وزیراعظم کی آسان کاروبار ایکٹ 2025 پر تیز رفتار عملدرآمد کی ہدایت

image

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی اقدامات اور آسان کاروبار ایکٹ 2025 کے نفاذ میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِ اعظم کی زیر صدارت کاروبار میں آسانی کے اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس میں پالیسی اصلاحات، ان کے نفاذ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کاروبار میں آسانی کے اقدامات کی افادیت اور ان کے نفاذ کی جانچ کے لیے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے جبکہ پالیسی اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق جامع رپورٹ جلد پیش کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے لیے قانون سازی اور پالیسی سازی میں وزارتِ قانون و انصاف، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)، سرمایہ کاری بورڈ، وزارتِ تجارت، وزارتِ صنعت اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں کاروبار میں آسانی کے لیے مختلف ضوابط، کاغذی کارروائیوں اور منظوریوں کو کم کرنے کے حوالے سے 558 اصلاحات پر کام مکمل کیا جا چکا ہے، جن میں سے 71 پالیسی اقدامات پر عملدرآمد ہو چکا ہے جبکہ 272 اقدامات پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان اصلاحات کا نفاذ سات مراحل میں مختلف شعبوں میں کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں کاروباری برادری کو ضوابط اور شرائط کی تکمیل پر آنے والے اخراجات میں 468.7 ارب روپے تک کی بچت کا تخمینہ ہے جبکہ غیر ضروری اور پیچیدہ کاغذی کارروائی کے خاتمے سے برآمدات، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیتے وقت کاروبار میں آسانی کے اقدامات پر عملدرآمد اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع کو کلیدی اہمیت دی جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، قیصر احمد شیخ، جام کمال خان، احد خان چیمہ، سید مصطفیٰ کمال، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیرِ وزیرِ اعظم محمد علی، معاونِ خصوصی ہارون اختر، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے، جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز اور بین الاقوامی ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US