جو کام کیا ہی نہیں، اس پر بھی چالان ہو گیا، صنم جنگ کراچی کے ای چالان سسٹم پر بول پڑیں

image

مجھے پاکستان آئے ایک مہینہ ہوا ہے اور اس دوران میرے 6 ای چالان ہو چکے ہیں۔ ایک چالان فون پر بات کرنے کی وجہ سے ہوا، وہ میری غلطی تھی، لیکن اس کے بعد ایسے جرمانے بھی ملے جو میں نے کیے ہی نہیں۔ سیٹ بیلٹ نہ پہننے کا چالان بھی آیا، حالانکہ میں ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر ہی گاڑی چلاتی ہوں۔ اب سمجھ نہیں آ رہی کہ آخر یہ ہو کیا رہا ہے، اور گھر میں ابو کی ڈانٹ الگ سننی پڑ رہی ہے۔

پاکستانی اداکارہ اور میزبان صنم جنگ نے کراچی میں ای چالان کے نظام سے متعلق اپنے تجربے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران انہیں متعدد جرمانوں کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سے کچھ ان کے مطابق غلط بنیادوں پر جاری کیے گئے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں صنم جنگ نے کہا کہ وہ فون پر بات کرنے والے پہلے چالان کو اپنی غلطی مانتی ہیں، تاہم بعد میں انہیں سیٹ بیلٹ نہ پہننے سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر بھی جرمانے موصول ہوئے، حالانکہ ان کے مطابق وہ ہمیشہ ٹریفک قوانین پر عمل کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بیرونِ ملک رہنے کے باعث سیٹ بیلٹ باندھنا ان کی مستقل عادت بن چکی ہے اور وہ گاڑی اسٹارٹ کرنے سے پہلے بھی اسے لازماً باندھتی ہیں، اسی لیے ایسے چالان ان کے لیے حیران کن ہیں۔

صنم جنگ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ای چالان کے نظام میں اگر کہیں غلطی موجود ہے تو اسے دور کیا جائے تاکہ شہریوں کو بلاوجہ جرمانوں اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US