کے الیکٹرک ریفرنڈم: انصاف ایمپلائز یونین کا انتظامیہ پر دھاندلی کا الزام، شفاف انتخابات کا مطالبہ

image

انصاف ایمپلائز یونین (کے الیکٹرک) نے الزام عائد کیا ہے کہ ادارتی انتظامیہ کل 18 جولائی 2026ء کو ہونے والے ریفرنڈم میں مبینہ طور پر غیر منصفانہ شرائط عائد کر کے پولنگ ایجنٹس کو بیٹھنے سے روک رہی ہے، جس سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔

یونین کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، کے الیکٹرک انتظامیہ کی نام نہاد 'پاکٹ یونین' کے خلاف آواز اٹھانے والے ملازمین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بناتے ہوئے دور دراز علاقوں میں ٹرانسفر اور ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ہے، جبکہ عدالتوں سے بحال ہونے والے ورکرز کو بھی ڈیوٹی پر واپس نہیں لیا جا رہا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان بننے سے پہلے کی واحد نمائندہ اور تاریخی ریکارڈ رکھنے والی ورکرز یونین پر انتظامیہ کے حامی افراد نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، اور اب جب محمد اخلاق خان نے اپنے ساتھیوں سمیت انصاف ایمپلائز یونین (پھول) کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، تو انہیں ریفرنڈم کے عمل سے بیدخل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انصاف ایمپلائز یونین نے پریس کانفرنس کے توسط سے اربابِ اقتدار اور اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کل ہونے والے ریفرنڈم کو منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں، تمام حصہ لینے والی یونینز کو اپنے نمائندوں کے ذریعے پولنگ کی نگرانی کا مساوی موقع فراہم کیا جائے، اور انتظامیہ کو دھونس، دھمکیوں یا دباؤ کے ذریعے ووٹوں پر اثر انداز ہونے سے روکا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US