شہید بے نظیر بھٹو کے ہیلتھ وژن کو خطرہ، آل لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین کا حکومتی پالیسیوں پر تحفظات

image

آل لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام یونین (ALPU) کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کی حالیہ پالیسیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور انتباہ دیا ہے کہ بجٹ میں کٹوتیاں اور انتظامی تبدیلیاں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے تاریخی فلاحی وژن کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔

یونین کی قیادت بشمول چیئرپرسن عائشہ ارم، صدر تبسم فاطمہ، جنرل سیکریٹری نصرت سلطانہ اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے لیڈی ہیلتھ ورکرز دیہات، کچی آبادیوں، صحراؤں اور پہاڑی علاقوں میں ماؤں اور بچوں کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات، پولیو مہم، خاندانی منصوبہ بندی اور کورونا و سیلاب جیسی ناگہانی صورتحال میں اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ لیکن موجودہ دور میں پروگرام کے آپریشنل بجٹ میں تقریباً 75 فیصد کٹوتی کردی گئی ہے اور دو فنڈز نجی کمپنی کو منتقل کردیے گئے ہیں۔ اس کٹوتی کے نتیجے میں ادویات، طبی سامان اور سپروائزرز کے لیے گاڑیوں کے فیول تک کے وسائل ختم ہو چکے ہیں اور نگرانی کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری بجٹ دستاویزات سے پروگرام کا تاریخی نام نکال کر اسے آؤٹ سورسنگ اور نجکاری کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جو نہ صرف ملازمین کے روزگار بلکہ سندھ کے کروڑوں غریب عوام کے بنیادی حقِ صحت پر بھی بڑا حملہ ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال دھرنے کے دوران حکومت نے بجٹ کو نقصان نہ پہنچانے کی تحریری یقین دہانی کروائی تھی، جس کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

آل لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام یونین نے سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے مطالبات کیے ہیں کہ آپریشنل بجٹ میں کی گئی 75 فیصد کٹوتی کو فوری واپس لے کر مہنگائی کے تناسب سے فنڈز بحال کیے جائیں۔ پروگرام کی تاریخی شناخت، نام اور بنیادی ڈھانچے کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ اس کی اصل حیثیت برقرار رہے۔ کسی بھی انتظامی تبدیلی یا آؤٹ سورسنگ سے قبل لیڈی ہیلتھ ورکرز کی منتخب قیادت کے ساتھ بامعنی مشاورت کو لازمی بنایا جائے۔

یونین نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں جلد ہی سندھ کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور اپنے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان سمیت ہر قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس کے آخر میں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں، ڈاکٹرز اور مزدور تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ غریب عوام کے حقِ صحت کے تحفظ کی اس جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US