حکومت بلوچستان ، شہدائے زیارت کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی کے مذاکرات کامیاب

image

حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا جبکہ شہداء کی میتوں کو کوئٹہ سے زیارت منتقل کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر اطلاعات شاہد رند نے بتایا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر شہداء کی میتوں کی باعزت منتقلی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میتوں کی منتقلی کے لیے ایمبولینسز، سیکیورٹی اور دیگر تمام ضروری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ یہ عمل پرامن اور باوقار انداز میں مکمل ہو سکے۔

شاہد رند کے مطابق حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، جن میں تمام معاملات باہمی اتفاق رائے سے طے پا گئے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے میں شامل نکات پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے مسائل کے حل، عزت و احترام اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ان کے بقول شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور حکومت ان کے لواحقین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US