ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ایران آخری سانس تک اپنے وطن کا دفاع کرے گا۔
جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی حملوں میں شہید ہونے والوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
دوسری جانب ایران نے صوبہ ہرمزگان میں امریکی حملوں میں شہید ہونے والے 8 شہریوں کی تصاویر جاری کر دی ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق شہداء میں 4 خواتین، 2 معذور بھائیوں سمیت مجموعی طور پر 4 مرد شامل ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بندر خمیر میں امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے 3 شہریوں کی تصاویر بھی جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں معصوم دیہاتی بندر خمیر پل سے گزر رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات امریکی حملوں میں شہر جسک میں بجلی کی تنصیبات اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کے پمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے بنیادی انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا کی جانب سے ایران کے مختلف علاقوں میں پلوں، توانائی تنصیبات اور دیگر انفرااسٹرکچر پر حملے کیے گئے ہیں، جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔