عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ، پاکستانی سرفہرست قرار

image

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سب سے زیادہ عمرہ زائرین پاکستان سے سعودی عرب پہنچے ہیں۔

وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق رواں سال حج کے اختتام کے بعد 15 ذوالحجہ 1448 ہجری سے عمرہ سیزن کا آغاز ہوا، اور 29 محرم تک تقریباً ڈیڑھ ماہ کے دوران 9 لاکھ سے زائد معتمرین نے عمرہ ادا کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے تقریباً 2 لاکھ عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے، جبکہ انڈونیشیا دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے ایک لاکھ 70 ہزار اور عراق تیسرے نمبر پر رہا جہاں سے ایک لاکھ 30 ہزار زائرین نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔

سعودی حکام کے مطابق عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا گیا تھا۔ ویزوں کی میعاد یکم شوال 1448 ہجری (9 مارچ 2027) تک مقرر ہے، جبکہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448 ہجری (23 مارچ 2027) ہوگی۔ اسی طرح عمرہ زائرین کی مملکت سے واپسی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448 ہجری (7 اپریل 2027) مقرر کی گئی ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ نے تمام زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن مکمل کریں، سفری دستاویزات اور ویزا ضوابط کا خیال رکھیں تاکہ عمرے کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US