تہران کا امریکا کو 'ناقابلِ فراموش سبق' سکھانے کا انتباہ؛ آبنائے ہرمز پر کسی بھی سمجھوتے سے انکار

image

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا کو "شیطانِ بزرگ" قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسے ناقابلِ فراموش سبق دیا جائے گا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی پر پڑھ کر سنائے گئے اپنے ایک نئے تحریری پیغام میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مفاہمتی یادداشت کی بار بار خلاف ورزی نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکی صدر کے دستخط کی کوئی حیثیت یا اعتبار نہیں اور واشنگٹن نے ایک بار پھر اپنا غیر قابلِ اعتماد اور دھوکہ دہی پر مبنی حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ امریکا خطے میں جنگ بھڑکانے کی کوشش کر کے خود کو بھاری اخراجات اور عالمی رسوائی سے دوچار کر رہا ہے، تاہم ایرانی قوم اور محاذِ مزاحمت ان اقدامات کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے بعد منصب سنبھالنے والے مجتبیٰ خامنہ ای اب تک عوامی سطح پر سامنے نہیں آئے اور ان سے منسوب تمام پیغامات صرف تحریری صورت میں ہی منظرِ عام پر آئے ہیں۔

دوسری جانب، ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے واضح کیا ہے کہ تہران کسی بھی صورت آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت کے لیے مجوزہ جنوبی راستہ قبول نہیں کرے گا اور اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا سلطنتِ عمان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک رکھنے کی ذمہ داری بھی ایران پر عائد ہوتی ہے۔ کاظم غریب آبادی نے امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا سے کوئی مذاکرات نہیں کیے اور نہ ہی واشنگٹن سے ایسی کوئی درخواست کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US