راولپنڈی: گلستان کالونی کے قریب نالہ لئی میں ڈوبنے والے 6 سالہ محمد زاہد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔ بچے کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق سرچ آپریشن کے لیے نالہ لئی کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں واٹر ریسکیو ٹیمیں اسکوبا ڈائیونگ، بوٹ سرچ اور لائن سرچ کے ذریعے مختلف مقامات پر بچے کی تلاش میں مصروف ہیں۔
میڈیا کوآرڈینیٹر ریسکیو 1122 راولپنڈی محمد عثمان گجر نے بتایا کہ پہلے روز سرچ آپریشن کے دوران 36 سالہ مہربان خان کی لاش برآمد کر کے بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دی گئی تھی، جبکہ ان کے 6 سالہ بیٹے محمد زاہد کی تلاش آج بھی بلا تعطل جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کے مختلف حصوں میں سرچ آپریشن جاری رکھا گیا ہے اور بچے کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔